سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کو 14 سال قید بامشقت کی سزا

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)سابق ڈی جی آئی ایس آئی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی جانب سے 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے فیض حمید کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی، جو تقریباً 15 ماہ تک جاری رہی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملزم پر چار الزامات عائد کیے گئے، جن میں سیاسی سرگرمیوں میں مداخلت، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال، اور متعلقہ افراد کو نقصان پہنچانا شامل ہیں۔ طویل قانونی کارروائی کے بعد ملزم تمام الزامات میں قصور وار قرار پایا گیا، اور سزا 11 دسمبر 2025 سے لاگو ہوگی۔ عدالت نے ملزم کو دفاع کے لیے وکیلوں کی ٹیم منتخب کرنے سمیت تمام قانونی حقوق فراہم کیے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ملزم کے سیاسی عناصر کے ساتھ تعلقات، سیاسی افراتفری اور عدم استحکام کے معاملات الگ سے دیکھے جا رہے ہیں۔سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے کے علاوہ کور کمانڈر پشاور کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ انہیں 12 اگست 2024 کو سپریم کورٹ کے حکم پر ٹاپ سٹی کی کورٹ آف انکوائری کے آغاز کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔

فیض حمید کا نام پہلی بار فیض آباد دھرنے کے دوران منظر عام پر آیا، جب حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے درمیان معاہدہ کرانے میں ان کا کردار سامنے آیا۔ 27 نومبر 2017 کو دونوں فریقوں کے معاہدے میں "بوساطت میجر جنرل فیض حمید” درج تھا۔

2018 کے انتخابات کے بعد پی ٹی آئی حکومت نے انہیں 2019 میں ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا، اور وہ تقریباً دو سال اس عہدے پر رہے۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے کالعدم تحریک لبیک سے معاہدے کے معاملے پر ایسے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔ فیض حمید پر سیاسی معاملات میں مداخلت اور حلف کی خلاف ورزی کے الزامات بھی عائد کیے گئے، جبکہ سیاسی انتقام، گرفتاریوں اور وفاداریوں کی تبدیلی کے الزامات بھی سامنے آئے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی متعدد تقریروں میں ان پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے، اور پی ٹی آئی دور حکومت میں ان پر مخالفین کو جیل میں ڈالنے، اسمبلی اجلاسوں میں حاضری پوری کرانے اور بجٹ منظور کرانے میں مداخلت کے الزامات سامنے آئے۔

اسی دوران، کابل میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے تین ہفتے بعد فیض حمید کی دورہ کابل کے دوران کھینچی گئی تصویر پر بھی تنقید ہوئی۔ 2017 اور 2018 میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی نے بھی ان پر مداخلت کے الزامات عائد کیے تھے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں