ٹورنٹو میں لگژری گھروں کی فروخت پر نیا ٹیکس نافذ،سٹی کونسل نے منظوری دے دی

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)ٹورنٹو سٹی کونسل نے میئر اولیویا چاؤ کی تجویز منظور کر لی ہے، جس کے تحت 30 لاکھ ڈالر سے زائد قیمت کے لگژری گھروں کی فروخت پر لینڈ ٹرانسفر ٹیکس بڑھایا جائے گا۔شہر کے حکام کے مطابق اس اقدام سے 2026 میں سٹی کے بجٹ میں اضافی 14 ملین ڈالر شامل ہونے کی توقع ہے، جبکہ لگژری گھروں کی فروخت سے اس وقت سالانہ تقریباً 138 ملین ڈالر ٹیکس حاصل کیا جا رہا ہے۔

نئے ٹیکس نظام کے تحت 40 لاکھ ڈالر تک کے گھروں پر 4.4 فیصد، 50 لاکھ ڈالر تک 5.45 فیصد، ایک کروڑ ڈالر تک 6.5 فیصد، دو کروڑ ڈالر تک 7.55 فیصد اور 20 ملین ڈالر سے زائد قیمت کے گھروں پر 8.6 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔

اس منصوبے کے مخالفین کا کہنا ہے کہ امیر افراد پر مزید ٹیکس لگانے کے منفی اثرات ہو سکتے ہیں۔ کونسلر اور میئر کے امیدوار بریڈ بریڈفورڈ کے مطابق لینڈ ٹرانسفر ٹیکس کی آمدن جائیداد کی خرید و فروخت پر منحصر ہوتی ہے، اور ہاؤسنگ کو مہنگا کرنے سے مجموعی طور پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔

میئر اولیویا چاؤ کا کہنا ہے کہ اس ٹیکس سے شہر کی آبادی کے صرف آدھے فیصد افراد متاثر ہوں گے، جو امیر ترین لگژری خریدار ہیں۔ ان کے مطابق جو لوگ کروڑوں ڈالر کے گھر خرید سکتے ہیں، وہ کچھ اضافی ٹیکس ادا کرنے کی بھی استطاعت رکھتے ہیں۔

کونسلر گورڈ پرکس نے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پسندانہ ٹیکس نظام کینیڈا کی جمہوریت کی بنیاد ہے، جس کے تحت خوشحال طبقہ زیادہ حصہ ڈالتا ہے تاکہ ضرورت مندوں کی مدد ہو سکے۔

ٹورنٹو ریجنل رئیل اسٹیٹ بورڈ نے اس ٹیکس کی مخالفت کی ہے اور صوبائی وزیرِاعلیٰ ڈگ فورڈ سے مداخلت کی درخواست کی، تاہم فورڈ نے واضح کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں دخل نہیں دیں گے۔

کونسل نے یہ بھی طے کیا ہے کہ پہلی بار گھر خریدنے والوں کے لیے ممکنہ ریلیف پر مطالعہ کیا جائے گا، جبکہ مستقبل میں اس ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدن کو ٹرانزٹ اور ہاؤسنگ منصوبوں پر خرچ کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں