15
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔
تازہ اسرائیلی حملے میں مزید 6 فلسطینی شہید جبکہ بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں، جس سے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق جمعہ کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ کے مشرقی علاقے التفاح میں واقع ایک اسکول کو نشانہ بنایا، جہاں بڑی تعداد میں فلسطینی شہری پناہ لیے ہوئے تھے۔ حملے کے نتیجے میں اسکول کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور وہاں موجود عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں 6 فلسطینی موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم محدود طبی سہولیات کے باعث علاج میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔فلسطینی حکام نے اس حملے کو جنگ بندی معاہدے کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود شہری آبادی اور پناہ گزین مراکز کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بھی چھاپے مارے، جن کے دوران متعدد فلسطینی زخمی اور گرفتار کر لیے گئے۔ ان کارروائیوں کے باعث مغربی کنارے میں بھی حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں غزہ میں اب تک 70 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔