اقوام متحدہ کا غزہ میں قحط کے خاتمے کا اعلان، انسانی بحران بدستور سنگین قرار

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اقوام متحدہ نے غزہ میں قحط کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی امداد کی رسائی میں بہتری کے باعث غذائی صورتحال میں کچھ حد تک بہتری آئی ہے

تاہم عالمی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ خطے کی مجموعی صورتحال اب بھی انتہائی نازک اور غیر یقینی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ نے جمعہ کے روز جاری بیان میں بتایا کہ اگست میں جس قحط کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا، وہ اب ختم ہو چکا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کی ترسیل میں اضافہ اور بعض علاقوں تک رسائی ممکن ہونے کے باعث غذائی قلت کی شدت میں کمی آئی ہے، لیکن اس کے باوجود لاکھوں افراد بدستور شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
اقوام متحدہ کے مانیٹرنگ ادارے **انٹیگریٹڈ فوڈ سکیورٹی فیز کلاسیفیکیشن (IPC)** نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ پٹی میں فوڈ سکیورٹی کی صورتحال میں وقتی بہتری ضرور آئی ہے، مگر اسے پائیدار نہیں کہا جا سکتا۔ ادارے کے مطابق غزہ کی 70 فیصد سے زائد آبادی اب بھی عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے، جہاں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سردیوں کی بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، جس سے خوراک کی دستیابی اور تقسیم مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ان حالات میں بھوک اور غذائی قلت کے دوبارہ بڑھنے کا خطرہ موجود ہے، خاص طور پر بچوں، خواتین اور بزرگوں کے لیے۔ اقوام متحدہ کے مانیٹرنگ ادارے نے واضح کیا ہے کہ غزہ پٹی کو تاحال **ایمرجنسی فوڈ سکیورٹی کیٹیگری** میں رکھا گیا ہے، تاہم موجودہ جائزے کے مطابق اپریل 2026 تک غزہ کے کسی بھی علاقے کو دوبارہ قحط کی درجہ بندی میں شامل نہیں کیا گیا۔ادھر اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں تسلسل برقرار رکھا جائے، کیونکہ امداد میں معمولی سی رکاوٹ بھی غزہ میں قحط کی صورتحال کو دوبارہ جنم دے سکتی ہے۔ ادارے نے خبردار کیا کہ اگر انسانی امداد اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کمی آئی تو غذائی بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر سکتا ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں