اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)ٹیکنالوجی کے معروف ارب پتی ایلون مسک سوشل میڈیا پر ہالی ووڈ اداکارہ سڈنی سوئینی کے بارے میں کیے گئے تبصرے کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔
مسک نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سڈنی سوئینی کی جسمانی ساخت پر مشتمل ایک پوسٹ شیئر کی، جسے صارفین نے نامناسب اور توہین آمیز قرار دیا۔ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب اداکارہ اپنی نئی سائیکو تھرلر فلم ’’دی ہاؤس میڈ‘‘ کے پریمیئر میں سفید لباس میں ریڈ کارپٹ پر موجود تھیں۔ اسی دوران مسک نے ایک اے آئی سے تیار کردہ میم شیئر کیا، جس میں عورت کے جسمانی خدوخال کو طنزیہ انداز میں دکھایا گیا اور کیپشن میں لکھا گیا کہ ’’یہ آسان نہیں ہو سکتا۔‘‘ بعد ازاں انہوں نے اسی نوعیت کا ایک اور پوسٹ بھی شیئر کیا۔
مسک کی یہ پوسٹس وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ تبصرے غیر ضروری اور توہین آمیز ہیں۔ کئی لوگوں نے مسک کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی توجہ ٹیکنالوجی اور خلائی منصوبوں پر مرکوز رکھیں، جبکہ کچھ صارفین نے اسے محض طنز سمجھ کر معمولی قرار دیا۔
سڈنی سوئینی نے اس معاملے پر ابھی تک براہِ راست کوئی بیان نہیں دیا تاہم پہلے انٹرویوز میں انہوں نے ہالی ووڈ میں خواتین کو جسمانی بنیاد پر پرکھنے کے رجحان پر بات کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں یہ رویہ ’’یوفوریا‘‘ کے بعد سے دیکھنے کو ملا اور وقت کے ساتھ وہ اس حقیقت کی عادی ہو گئی ہیں کہ لوگ اداکاروں کو ان کے کرداروں سے الگ نہیں دیکھ پاتے۔
حالیہ مہینوں میں سڈنی سوئینی فلموں اور عوامی تقریبات کی وجہ سے مسلسل خبروں میں رہی ہیں، اور ایلون مسک کے تبصرے نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر شائستگی اور حدود پر بحث کو جنم دیا ہے۔