اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان کی فاتح کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی
اسلام آباد نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار اور یادگار استقبال کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے، کھلاڑیوں کو گلدستے پیش کیے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، جبکہ سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
روایتی حریف بھارت کو فائنل میں 191 رنز سے تاریخی شکست دینے والی پاکستانی ٹیم پی آئی اے کی پرواز پی کے 212 کے ذریعے وطن پہنچی۔ استقبال کے موقع پر شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد موجود تھی جو قومی ہیروز کے حق میں نعرے لگاتی رہی اور کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنواتی نظر آئی۔
انڈر 19 ایشیا کپ میں شاندار کامیابی پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 50، 50 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔ فائنل میچ کے بعد چیئرمین پی سی بی نے ٹیم سے ملاقات کی، کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور غیرمعمولی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 172 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ انہوں نے صرف 71 گیندوں پر 103 رنز مکمل کیے اور پورے ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی قرار پائے۔
دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز بنائے، جبکہ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3 جبکہ کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
348 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی انڈر 19 ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی اور 26.2 اوورز میں 156 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے دیپیش دیویندرن 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ دیگر کھلاڑی کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ سوریا ونشی 26، ارون پٹیل 19 اور ارون جارج 16 رنز بنا سکے، جبکہ کنشک چوہان اور ویدانت چوہان 9، 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے علی رضا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صیام، عبدالسبحان اور حذیفہ احسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔پاکستان انڈر 19 ٹیم کی اس تاریخی فتح کو شائقین کرکٹ طویل عرصے تک یاد رکھیں گے، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ کامیابی مستقبل میں قومی کرکٹ کے لیے خوش آئند ثابت ہو گی۔