فورڈ حکومت کا سکولوں سے متعلق نیا جائزہ، تعلیمی اداروں کے مستقبل پر سوالات اٹھ گئے

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)اونٹاریو بھر میں والدین میں بے چینی پائی جا رہی ہے، کیونکہ فورڈ حکومت نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ بعض اسکول بورڈز میں کم استعمال ہونے والے اسکولوں کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔ اس اعلان کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر اسکول بند کرنے پر عائد پابندی ختم کی گئی تو چھوٹے اور خصوصی نوعیت کے اسکول سب سے پہلے متاثر ہو سکتے ہیں۔

ٹورنٹو کی رہائشی الزبتھ گارکووسکی نے سٹی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بچے ایک ایسے چھوٹے اسکول میں زیرِ تعلیم ہیں جو ممکنہ طور پر بند کیے جانے والے اداروں کی فہرست میں آ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کی بیٹی کو تعلیمی حوالے سے وہ ضروری سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں جن کی اسے اشد ضرورت ہے، جس کی وجہ سے اس کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا،میرے بچوں کی تعلیم کو سب سے زیادہ ترجیح ملنی چاہیے۔ ہمارے بچے کسی بجٹ کی لائن نہیں ہیں جنہیں آسانی سے ختم کر دیا جائے۔”

تعلیم کے وزیر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ وزیرِ تعلیم پال کیلینڈرا نے ان اسکول بورڈز میں تعینات نگرانوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اضافی یا غیر استعمال شدہ جائیدادوں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت کی توجہ اس بات پر ہے کہ وسائل براہِ راست کلاس رومز میں واپس لگائے جائیں۔

پال کیلینڈرا کے وزیر بننے کے بعد صوبائی حکومت اب تک چھ اسکول بورڈز کا کنٹرول سنبھال چکی ہے، جن میں ٹورنٹو ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ اور ٹورنٹو کیتھولک ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ بھی شامل ہیں۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام مالی بدانتظامی کے باعث اٹھایا گیا۔

تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ اسکول بند کرنے پر عائد پابندی (مورٹوریم) تاحال برقرار ہے۔ اس کے باوجود والدین میں خدشات کم نہیں ہوئے۔ ایک اور والدہ، سینڈرا ہوہ نے سوال اٹھایا کہ حکومت کس بنیاد پر کسی اسکول کو اضافی قرار دے گی، کیونکہ اس حوالے سے کوئی واضح معیار سامنے نہیں آیا۔

اپوزیشن جماعتوں نے بھی اس جائزے کے وقت پر سوالات اٹھائے ہیں۔ لبرل پارٹی کے رہنما جان فریزر کا کہنا ہے کہ یہ عمل مشکوک لگتا ہے، کیونکہ پہلے بورڈز پر قبضہ کیا گیا اور اب اسکول بند کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں صوبائی حکومت کی پالیسیوں میں اکثر قیمتی زمینوں اور عمارتوں سے فائدہ بیرونی عناصر کو پہنچا ہے۔

این ڈی پی کی ایجوکیشن کریٹک چندرا پاسما نے کہا کہ اسکول بند کرنا مسئلے کا حل نہیں، بلکہ اصل مسئلہ ناکافی فنڈنگ ہے۔ ان کے مطابق تعلیمی بجٹ کئی سالوں سے طلبہ کی ضروریات کے مطابق نہیں بڑھایا گیا، جس کے باعث اسکول بورڈز کو سخت کٹوتیاں کرنا پڑ رہی ہیں۔وزیرِ تعلیم پال کیلینڈرا نے واضح کیا ہے کہ دیہی علاقوں میں اسکول بند کرنے پر پابندی ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم شہری علاقوں کے حوالے سے خدشات اب بھی برقرار ہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں