149 واں یومِ پیدائش،قائداعظم محمد علی جناحؒ کی خدمات اور قیادت کو خراجِ عقیدت

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)بابائے قوم، بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 149 واں یومِ پیدائش آج پورے ملک میں عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے، جبکہ وفاقی اور صوبائی سطح پر خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز اور دعائیہ اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد قائداعظم کی جدوجہد، افکار اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

کراچی میں واقع مزارِ قائد پر یومِ ولادت کی مرکزی اور پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں گارڈز کی تبدیلی کی رسمی تقریب انجام دی گئی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل افتخار حسین چودھری (ہلالِ امتیاز) تھے۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مزارِ قائد پر سلامی پیش کی، جس کے بعد پاک فوج کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ مہمانِ خصوصی نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

بعد ازاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی مزارِ قائد پر حاضری دی۔ دونوں رہنماؤں نے بابائے قوم کے مزار پر پھول رکھے، دعا کی اور قائداعظم کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

قائداعظم محمد علی جناحؒ 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ پیشے کے لحاظ سے وہ ایک نامور وکیل تھے، تاہم سیاست کے میدان میں ان کی بصیرت، اصول پسندی اور غیر متزلزل قیادت نے برصغیر کی تاریخ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ وطن کا شعور دیا اور اپنی انتھک جدوجہد کے ذریعے ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کو ممکن بنایا۔

ایمان، اتحاد اور تنظیم قائداعظم کے وہ سنہری اصول ہیں جو ان کی زندگی اور سیاست کا خلاصہ ہیں۔ انہوں نے اپنے کردار، دیانت اور اصولی سیاست سے یہ ثابت کیا کہ سچی قیادت قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ اس دور میں نہرو، پٹیل اور گاندھی جیسے بڑے سیاسی رہنماؤں کی موجودگی کے باوجود قائداعظم نے مسلمانوں کو ایک واضح منزل دکھائی اور پاکستان کے قیام کو یقینی بنایا۔

قائداعظم کا تصورِ پاکستان ایک ایسی ریاست پر مبنی تھا جہاں قانون کی بالادستی ہو، ہر شہری کو مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہوں، اور اقلیتوں کو مکمل تحفظ دیا جائے۔ وہ دنیا کی ان عظیم شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے دو قومی نظریے کی بنیاد پر تاریخ کا دھارا موڑا اور مسلمانوں کو ایک الگ وطن دلایا۔ قوم ان کی بے مثال خدمات اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں