اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج ہم پاکستان کی عظیم بیٹی، سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی برسی منا رہے ہیں، جنہوں نے جمہوریت، عوامی حقوق اور وفاق پاکستان کے استحکام کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت میں رواداری اور ہم آہنگی جیسی اقدار کو فروغ دیا اور سیاسی عمل میں مثبت کردار ادا کیا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق بینظیر بھٹو کی سیاسی میراث میں حب الوطنی، خواتین کے حقوق، اقلیتوں کے تحفظ اور پرامن و ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے اقدامات نمایاں ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں رواداری، برداشت، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح کے سفر کو جاری رکھا جائے گا، جس کے لیے بینظیر بھٹو نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بینظیر بھٹو شہید کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ اور چاہنے والوں کو صبر و تحمل دے۔