اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) جنوبی امریکی ملک سرینام میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا
جہاں ایک شخص نے طیش میں آکر اپنے ہی بچوں سمیت 9 افراد کو چاقو کے وار سے قتل کر دیا جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ دارالحکومت پیراماریبو سے تقریباً 25 کلومیٹر مشرق میں واقع ضلع کومے ویجنے میں پیش آیا، جہاں ملزم کا اپنی اہلیہ سے فون پر جھگڑا ہوا جس کے بعد وہ غصے میں بے قابو ہو گیا اور بچوں پر حملہ کر دیا۔ بچوں کی چیخ و پکار سن کر پڑوسی مدد کے لیے پہنچے تاہم حملہ آور نے انہیں بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچنے پر ملزم نے اہلکاروں پر بھی حملے کی کوشش کی جس پر پولیس نے اسے ٹانگوں میں گولی مار کر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا اور اسپتال منتقل کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ملزم کے بچے اور وہ پڑوسی شامل ہیں جو انہیں بچانے آئے تھے۔ سرینام کی صدر نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔