اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) آسٹریلیا ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر بیٹر ایلیسا ہیلی نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق 35 سالہ ایلیسا ہیلی بھارت کے خلاف آئندہ ہوم سیریز کے بعد کرکٹ کے تینوں فارمیٹس سے کنارہ کش ہو جائیں گی۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایلیسا ہیلی بھارت کے خلاف اپنی آخری سیریز آسٹریلوی سرزمین پر کھیلیں گی، جس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ میں مزید نظر نہیں آئیں گی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گی، جبکہ بھارت کے خلاف ون ڈے اور ٹیسٹ میچز ان کے کیریئر کے آخری مقابلے ہوں گے۔
ایلیسا ہیلی نے 2010 میں آسٹریلیا ویمن ٹیم کے لیے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا۔ اپنے شاندار کریئر کے دوران انہوں نے مجموعی طور پر 295 بین الاقوامی میچز کھیلے، جن میں 7 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے اور وکٹوں کے پیچھے 275 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کا شمار دنیا کی کامیاب ترین وکٹ کیپر بیٹرز میں کیا جاتا ہے۔
ایلیسا ہیلی 2023 میں آسٹریلیا ویمن ٹیم کی فل ٹائم کپتان مقرر ہوئیں اور ان کی قیادت میں ٹیم نے عالمی سطح پر اپنی برتری برقرار رکھی۔ وہ آسٹریلیا کی ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو آٹھ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹائٹلز جیتنے والی ٹیموں کا حصہ رہیں، جو ان کے شاندار کیریئر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان پر بات کرتے ہوئے ایلیسا ہیلی نے کہا کہ وہ ملے جلے جذبات کے ساتھ یہ فیصلہ کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان میں ابھی آسٹریلیا کے لیے کھیلنے کا جذبہ موجود ہے، تاہم مسابقتی پہلو میں کمی محسوس ہو رہی ہے، جس کے باعث انہوں نے اس مرحلے پر ریٹائرمنٹ کو بہتر فیصلہ قرار دیا۔ایلیسا ہیلی نے کہا، ’’میں جانتی ہوں کہ یہ فیصلہ میرے لیے مشکل ہے، لیکن میں چاہتی ہوں کہ اپنے کیریئر کا اختتام ایک مضبوط اور مثبت نوٹ پر کروں۔ بھارت کے خلاف ہوم گراؤنڈز پر آخری بار ون ڈے اور ٹیسٹ کھیلنا میرے لیے باعثِ فخر ہوگا۔‘‘واضح رہے کہ ایلیسا ہیلی آسٹریلیا کے اسٹار فاسٹ بولر میچل اسٹارک کی اہلیہ بھی ہیں اور دونوں کو کرکٹ کی دنیا کی کامیاب ترین جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔کرکٹ ماہرین کے مطابق ایلیسا ہیلی کی ریٹائرمنٹ آسٹریلوی ویمن کرکٹ کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، تاہم ان کی خدمات اور کامیابیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔