اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پنجاب حکومت نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری محکموں میں پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اس پابندی کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اب سرکاری محکمے صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں خرید سکیں گے، جبکہ فیلڈ ڈیوٹی پر مامور گاڑیوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی 2026 بھی جلد متعارف کرائی جائے گی۔
اسی سلسلے میں پنجاب حکومت نے صوبے کے 31 شہروں میں 170 نئے پٹرول پمپس کے لیے این او سی بھی جاری کر دیے ہیں۔ نئے پٹرول پمپس کو کام کرنے کے لیے الیکٹرک چارجنگ یونٹ لگانا لازمی ہوگا اور کسی بھی نئے پمپ کو بغیر چارجنگ یونٹ کے کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ماحولیات کے تحفظ اور گرین انرجی کے فروغ کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ فیصل آباد میں 29، لاہور میں 14، بہاولپور میں 10، خانیوال اور بہاولنگر میں 9 نئے پٹرول پمپس کو چارجنگ یونٹ لگانے کی شرط پر منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی اور جھنگ میں 8، جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، قصور اور چنیوٹ میں 7 نئے پٹرول پمپس کو اسی شرط پر کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
حکومت کا یہ اقدام صوبے میں ماحول دوست اور جدید ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف گرین انرجی کا فروغ ہوگا بلکہ ماحول میں آلودگی کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔