اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) چین میں ایک غیر معمولی مگر گہرے سماجی مسئلے کو اجاگر کرنے والی موبائل ایپ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے
جس کا نام سن کر اکثر لوگ چونک جاتے ہیں۔’’آر یو ڈیڈ‘‘ یعنی کیا آپ مر چکے ہیں؟ نامی یہ ایپ دراصل خوف نہیں بلکہ تحفظ کا احساس فراہم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔یہ ایپ خاص طور پر ان افراد میں مقبول ہو رہی ہے جو اکیلے رہتے ہیں اور اس خدشے میں مبتلا رہتے ہیں کہ کسی ہنگامی صورتحال میں ان کی مدد کے لیے بروقت کوئی موجود نہ ہوگا۔مئی 2025 میں متعارف کروائی گئی اس ایپ کا طریقۂ کار نہایت سادہ مگر مؤثر ہے۔ صارف کو ہر دو دن بعد ایپ میں موجود ایک بٹن پر ٹیپ کر کے یہ تصدیق کرنا ہوتی ہے کہ وہ خیریت سے ہے۔
اگر مقررہ وقت پر صارف کی جانب سے کوئی ردعمل موصول نہ ہو تو ایپ خودکار نظام کے تحت پہلے سے درج ایمرجنسی نمبرز کو الرٹ بھیج دیتی ہے، جس میں ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا جاتا ہے۔حالیہ مہینوں میں چین کے مختلف شہروں میں تنہا زندگی گزارنے والے افراد نے بڑی تعداد میں اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیا، جس کے باعث یہ چند ہی عرصے میں ملک کی سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی پیڈ ایپس میں شامل ہو گئی۔
چینی سرکاری اخبار **گلوبل ٹائمز** کے مطابق اندازہ ہے کہ سال 2030 تک چین میں تقریباً دو کروڑ ایسے گھرانے ہوں گے جہاں صرف ایک فرد رہائش پذیر ہوگا۔ ماہرین کے مطابق اسی بڑھتی ہوئی تنہائی نے اس نوعیت کی ایپس کی مانگ میں اضافہ کیا ہے۔اس ایپ کو ایک ’’ڈیجیٹل محافظ‘‘ یا سیفٹی کمپینیئن کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جو اکیلے رہنے والے طلبا، ملازمت پیشہ افراد اور بزرگ شہریوں کے لیے اضافی تحفظ فراہم کرتی ہے۔صارفین کے تاثرات بھی اس کی اہمیت کو واضح کرتے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ اکیلے رہنے والوں کے لیے یہ ایپ صرف سہولت نہیں بلکہ ذہنی سکون کا ذریعہ ہے۔
ایک اور صارف نے جذباتی انداز میں کہا کہ تنہا زندگی گزارنے والے لوگ خاموشی سے دنیا سے رخصت ہو سکتے ہیں اور کوئی مدد کے لیے آواز بھی نہ سن پائے۔ کبھی کبھی یہ سوچ خوف پیدا کرتی ہے کہ اگر کچھ ہو جائے تو سب سے پہلے کون جانے گا؟ابتدا میں یہ ایپ مفت فراہم کی جا رہی تھی، تاہم اب اس کا پیڈ ورژن متعارف کرا دیا گیا ہے۔ ایپ کی کم از کم قیمت 8 یوآن مقرر کی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 320 روپے بنتی ہے۔ ایک مرتبہ ادائیگی کے بعد صارف اسے مستقل طور پر استعمال کر سکتا ہے۔ چین میں بڑھتی ہوئی سماجی تنہائی کے پس منظر میں یہ ایپ بہت سے افراد کے لیے خاموش مگر مضبوط سہارا بنتی جا رہی ہے۔