گل پلازہ میں آگ بےقابو، فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کراچی   ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں گزشتہ شب لگنے والی بھیانک آگ پر 15 گھنٹے گزر جانے کے باوجود تاحال مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔

آتشزدگی کے نتیجے میں فائر فائٹر سمیت کم از کم 6 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دو حصے زمین بوس ہونے کے بعد عمارت کی صورتحال مزید مخدوش ہے اور آخری حصہ بھی گرنے کے خدشے کے باعث ریسکیو عملہ انتہائی احتیاط کے ساتھ کارروائیاں انجام دے رہا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جھلسنے اور دم گھٹنے سے ہونے والی ہلاکتوں کے علاوہ عمارت میں پھنسے ہوئے کئی افراد کی تلاش جاری ہے جبکہ 16 افراد تاحال لاپتا بتائے جا رہے ہیں۔ ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ عملہ عمارت کے اندر داخل نہیں ہو پا رہا جس سے صورتحال کی سنگینی کا اندازہ ہوتا ہے۔ شہر بھر سے 20 سے زائد فائر ٹینڈرز اور دو اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ فائر حکام کے مطابق آتشزدگی کو تیسرے درجے کا قرار دیتے ہوئے مزید کمک طلب کی گئی ہے۔
ڈی سی ساوتھ کے مطابق عمارت کا تقریباً 40 فیصد حصہ منہدم ہو چکا ہے جبکہ گراؤنڈ فلور کی تمام دکانیں اور گودام آگ کی لپیٹ میں ہیں۔ گل پلازہ میں بیسمنٹ مارکیٹ کی موجودگی اور اسٹورز میں موجود قابلِ اشتعال سامان آگ کے پھیلاؤ کا باعث بن رہا ہے۔ صدر گل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 80 سے 100 افراد اب بھی عمارت میں موجود ہیں جن کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔واٹر کارپوریشن نے ہنگامی بنیادوں پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر کے فائر بریگیڈ کے لیے بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی ہے جبکہ سندھ رینجرز کے دستوں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا ہے۔ میئر کراچی کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کی ہیوی مشینری بھی جائے وقوع پر پہنچا دی گئی ہے تاکہ ملبہ ہٹانے اور پھنسے افراد تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔
سانحے پر سیاسی و حکومتی سطح پر بھی شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے فوری ریسکیو اقدامات، ٹریفک ڈائیورژن اور آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی ہدایت کی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی سمیت متعدد رہنماؤں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔ رہنماؤں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا اور متاثرہ تاجروں کے نقصانات کے ازالے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی۔فائر حکام اور ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے میں مزید کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ عمارت کی ساخت کمزور ہو جانے کے باعث امدادی کاموں میں تیزی کے ساتھ خطرات بھی بڑھ رہے ہیں، جبکہ متاثرین کے اہلِ خانہ بدستور اپنے پیاروں کی تلاش میں اسپتالوں اور جائے وقوع کے درمیان بھاگ دوڑ میں مصروف ہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں