اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے بیٹے جنید صفدر نے حال ہی میں شادی کر کے خاندان میں خوشیوں کا اضافہ کیا ہے۔ شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جس میں خاص طور پر مریم نواز کے مہنگے اور شاندار جوڑوں نے صارفین کی توجہ حاصل کی۔
جنید صفدر کی مہندی کی تقریب میں مریم نواز نے مشہور پاکستانی ڈیزائنر نومی انصاری کے ڈیزائن کردہ پیلے رنگ کے خوبصورت لہنگے کا انتخاب کیا۔ یہ لہنگا باریک گوٹا، نفیس کڑھائی اور پیچیدہ نقش و نگار سے مزین تھا۔ اگرچہ نومی انصاری کی ویب سائٹ پر قیمتیں ظاہر نہیں کی جاتیں، لیکن ان کے ڈیزائن کیے ہوئے جوڑوں کی عموماً قیمت 5 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ہوتی ہے۔
دوسری جانب بارات کے دن مریم نواز نے معروف ڈیزائنر اقبال حسین کے تیار کردہ جوڑے کا انتخاب کیا، جس میں دھاگے اور سلور زردوزی کا بھاری بھرکم کام نمایاں تھا۔ یہ جوڑا اقبال حسین کی پریمیم برائیڈل لائن کا حصہ ہے اور برانڈ کی قیمتوں کے مطابق اس کی قیمت تقریباً 2 سے 4 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔
شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان پر دلچسپ اور متنوع تبصرے کیے ہیں، اور خاص طور پر مریم نواز کے شاندار اور مہنگے جوڑوں کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ اس تقریب نے نہ صرف خاندان کے لیے خوشیوں کا سبب بنی بلکہ مداحوں اور صارفین کے درمیان بھی کافی مقبولیت حاصل کی۔


