جاپان،اقتدار کے صرف تین ماہ بعد اسمبلی تحلیل،انتخابات کا اعلان

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) جاپان کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیرِاعظم سَنائے تاکائیچی نے اقتدار سنبھالنے کے محض تین ماہ بعد ایوانِ زیریں تحلیل کرتے ہوئے

8 فروری 2026 کو قبل از وقت عام انتخابات  کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس غیر متوقع فیصلے نے جاپانی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق وزیراعظم سَنائے تاکائیچی کا کہنا ہے کہ اب یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ آیا انہیں وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر برقرار رہنا چاہیے یا نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کا مقصد مضبوط عوامی مینڈیٹ حاصل کر کے پارلیمان میں واضح اکثریت کے ساتھ واپس آنا ہے۔
وزیراعظم تاکائیچی نے کہا کہ معاشی اصلاحات، دفاعی پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی، اور سخت امیگریشن قوانین جیسے اہم فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے پارلیمان میں اکثریت ناگزیر ہے، جو موجودہ سیاسی صورتحال میں ممکن نہیں ہو پا رہی۔ ان کے مطابق وہ اپنی سیاسی ساکھ کو داؤ پر لگا کر عوام سے براہِ راست مینڈیٹ لینا چاہتی ہیں۔اسمبلی کی تحلیل اور انتخابات کے اعلان کے فوراً بعد  ایوانِ زیریں کی 465 نشستوں کے لیے 12 روزہ انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔ سیاسی جماعتیں ملک بھر میں انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ہو گئی ہیں جبکہ ووٹرز میں بھی خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
یاد رہے کہ 2024 کے عام انتخابات میں حکمراں اتحادی جماعتوں کو ایوانِ زیریں میں محض معمولی اکثریت حاصل ہوئی تھی، جبکہ ایوانِ بالا میں حکومت کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہے۔ اسی کمزور عددی پوزیشن کے باعث حکومت کو قانون سازی میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق حکمراں اتحاد کے اندر مفادات کا ٹکراؤ اور پالیسی اختلافات بھی وقت کے ساتھ بڑھتے چلے گئے، جس نے حکومت کی کارکردگی کو متاثر کیا۔ صورتحال اس وقت مزید پیچیدہ ہو گئی جب وزیراعظم تاکائیچی کے دیرینہ اتحادی  کومیتو پارٹی نے اتحاد سے علیحدگی اختیار کر لی۔
کومیتو کی علیحدگی کے بعد وزیراعظم سَنائے تاکائیچی نے دائیں بازو کی جماعت جاپان انوویشن پارٹی کے ساتھ نیا اتحاد قائم کیا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان مضبوط فوج، مردوں تک محدود شاہی جانشینی، اور بند نیوکلیئر ری ایکٹرز کی بحالی جیسے اہم نکات پر اتفاق پایا گیا ہے، جو جاپانی سیاست میں خاصے متنازع سمجھے جاتے ہیں۔دوسری جانب کومیتو پارٹی نے اپوزیشن کی بڑی جماعت کانسٹی ٹیوشنل ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان کے ساتھ مل کر ایک نیا سیاسی اتحاد ’’سینٹرسٹ ریفارم الائنس‘‘ تشکیل دے دیا ہے۔ اس اتحاد کا منشور صنفی مساوات، جامع معاشرہ، سماجی انصاف اور عوامی فلاح کو اولین ترجیح دینے پر مبنی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق آنے والے انتخابات نہ صرف وزیراعظم سَنائے تاکائیچی کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے بلکہ جاپان کی آئندہ داخلی اور خارجہ پالیسی کی سمت بھی متعین کریں گے۔ عوامی رائے اس بات کا تعین کرے گی کہ آیا جاپان ایک مضبوط دائیں بازو کی قیادت کو منتخب کرتا ہے یا اعتدال پسند اصلاحاتی قوتوں کو اقتدار سونپتا ہے۔

 

 

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں