اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وفاقی وزیر احسن اقبال مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں غزہ پیس معاہدے کے علاوہ مختلف قومی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران احسن اقبال نے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات بغور سنے، جن میں غزہ پیس معاہدے سے متعلق خدشات شامل تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر حکومتی پالیسیوں اور امتِ مسلمہ کے جذبات کو مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم قومی امور پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے بعض حکومتی فیصلوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور اپوزیشن کے موقف سے احسن اقبال کو آگاہ کیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے یقین دلایا کہ مولانا کے تمام تحفظات اور خدشات وزیراعظم تک پہنچائے جائیں گے اور حکومت اہم قومی معاملات میں تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لینے کی خواہاں ہے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔