کیا پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کھیلے گا ؟

 اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )  پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ جمعہ یا آئندہ پیر تک متوقع ہے، جس سے قبل تمام ممکنہ آپشنز اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مشاورت جاری ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بیان میں چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ملاقات نہایت مثبت رہی، جس میں وزیر اعظم کو آئی سی سی سے متعلق موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی کے مطابق وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ معاملے کو تمام پہلوؤں سے دیکھتے ہوئے ایسا فیصلہ کیا جائے جو پاکستان کے وقار اور اصولی مؤقف کے مطابق ہو۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ اصولی طور پر کر لیا گیا ہے، تاہم اس کا باضابطہ اعلان مشاورت کے عمل کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی اور کرکٹ حکام اس معاملے پر انتہائی احتیاط سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی سی بی کی ملاقات میں مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا، جن میں بنگلادیش کو میگا ایونٹ سے باہر نکالے جانے پر احتجاجاً ورلڈکپ کے بائیکاٹ، بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے، پاکستانی کھلاڑیوں کے میچز میں سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کرنے اور ورلڈکپ میں حاصل ہونے والی فتوحات کو بنگلادیشی کرکٹ شائقین کے نام منسوب کرنے کی تجاویز شامل تھیں۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کے ایک کھلاڑی کو سیکیورٹی وجوہات کا حوالہ دے کر آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنی ٹیم کو بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف تھا کہ جس ملک میں ایک کھلاڑی کی حفاظت یقینی نہیں بنائی جا سکتی وہاں پوری ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں۔

تاہم آئی سی سی نے بنگلادیش کے اس مؤقف کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شامل کر لیا، جس پر عالمی کرکٹ حلقوں میں تنقید کی جا رہی ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اس فیصلے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مؤقف کی حمایت کر چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مسترد کرتا ہے۔آنے والے چند دنوں میں پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق حتمی اعلان متوقع ہے، جس کے بعد اس معاملے پر جاری غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو جائے گا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں