اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)علاقے میں ایک طاقتور برفانی نظام داخل ہو چکا ہے جس کے باعث ہفتے کے آغاز پر شدید برفباری، تیز ہوائیں اور انتہائی سرد درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ انوائرمنٹ اینڈ کلائمٹ چینج کینیڈا (ECCC) کے مطابق مجموعی طور پر 15 سے 20 سینٹی میٹر تک برفباری متوقع ہے، جبکہ اتوار کی رات برفباری کی رفتار ایک سے دو سینٹی میٹر فی گھنٹہ تک رہی۔
محکمے نے خبردار کیا ہے کہ خشک اور ہلکی برف کے ساتھ تیز ہوائیں سڑکوں کو انتہائی پھسلن زدہ بنا سکتی ہیں، جس سے دفاتر کے اوقات میں ٹریفک بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ موٹر سواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر کے لیے اضافی وقت رکھیں۔
ای سی سی سی کے وارننگ پریپیئرڈنیس ماہرِ موسمیات پیٹر کِمبل کے مطابق ہفتے کے آخر میں پڑنے والی شدید سردی معمول سے کہیں زیادہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہفتے کے روز درجہ حرارت منفی 25 اور اتوار کو منفی 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، تاہم اصل شدت ہوا کے باعث محسوس ہونے والی سردی میں دیکھی گئی۔
پیٹر کِمبل کے مطابق ہوا کے باعث ہفتے کے روز محسوس ہونے والا درجہ حرارت منفی 37 اور اتوار کو منفی 30 ڈگری تک جا پہنچا، جبکہ اس وقت سال میں اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت منفی 6 اور کم سے کم منفی 15 ڈگری ہوتا ہے۔”
اگرچہ درجہ حرارت منفی 20 ڈگری سے بھی نیچے چلا گیا، تاہم یہ 23 جنوری 1976 کے منفی 31 ڈگری اور 24 جنوری 1882 کے منفی 32.2 ڈگری کے ریکارڈ سے کم رہا۔
ماہرین کے مطابق اس شدید سرد لہر کی بنیادی وجہ پولر ورٹیکس ہے، یعنی آرکٹک ہوا کا ایک طاقتور دباؤ جو جنوبی کیوبیک تک آ پہنچا، اور اس کے اثرات امریکہ کے جنوبی علاقوں تک بھی محسوس کیے گئے۔
دوسری جانب شدید موسم کے باعث صوبے میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ ہائیڈرو-کیوبیک کے مطابق پیر کی دوپہر تقریباً 2 بجے تک صوبے بھر میں 3,645 گھروں اور کاروباری مقامات پر بجلی بند رہی، جن میں سب سے زیادہ متاثر مونٹریال تھا جہاں 2,839 مقامات بجلی سے محروم رہے۔
مونٹریال جزیرے پر خاص طور پر کوٹ سینٹ لُک اور نوتر ڈام-ڈی-گراس کے علاقے شدید متاثر ہوئے۔ ہائیڈرو-کیوبیک کے ترجمان پاسکل پوئن لین کے مطابق خرابی کی فوری وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم بعض اوقات سب اسٹیشن میں بریکر یا ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث ایسی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہبدقسمتی سے ہم کوٹ سینٹ لُک کے تمام صارفین کو فوری طور پر بجلی فراہم نہیں کر سکیں گے، بعض افراد کو کل تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔”
بجلی کی بندش اور شدید سردی نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ کوٹ سینٹ لُک کے رہائشی بوگدان ایون کا کہنا تھا کہ بچوں اور ملازمتوں کے باعث اس صورتحال میں گزارا ممکن نہیں، جبکہ ہائیڈرو کی جانب سے کوئی واضح جواب نہیں دیا جا رہا۔
ایک اور شہری رچرڈ نے کہایہ ناقابلِ یقین ہے، ہم کینیڈا میں ہیں، منفی 22 یا 23 ڈگری کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ میں نے شمال میں کری قبائل کے ساتھ منفی 40 ڈگری میں زندگی گزاری ہے، وہاں بجلی کے ایسے مسائل نہیں ہوتے۔ کسی کو اس نظام کو درست کرنا ہوگا۔”
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گرم کپڑوں کا استعمال کریں اور موسم سے متعلق تازہ ہدایات پر عمل کرتے رہیں۔