اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)اتوار کو آنے والے تاریخی برفانی طوفان کے بعد ٹورنٹو شہر میں صفائی کے وسیع آپریشن کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اب سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے جمع شدہ برف کو مکمل طور پر ہٹایا جائے گا۔
شہر کی انتظامیہ کے مطابق پہلے مرحلے میں 600 اسنو پلو مشینیں اور ایک ہزار سے زائد سٹی اور کنٹریکٹ عملہ تعینات کیا گیا تھا، جنہوں نے برفباری کے دوران اور بعد میں سڑکوں کو قابلِ استعمال بنانے کے لیے کام کیا۔
منگل کے روز ٹی ٹی سی کے ہلکریسٹ یارڈ میں ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سٹی مینیجر پال جانسن نے وضاحت کی کہ ٹورنٹو کا اسنو ریسپانس مختلف مراحل میں مکمل کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق طوفان سے پہلے نمک اور برائن کا استعمال کیا گیا، طوفان کے دوران اور بعد میں برف ہٹانے کا کام کیا گیا، اور اب سب سے بڑا مرحلہ شروع ہو چکا ہے جس میں برف کو سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے مکمل طور پر اٹھا کر منتقل کیا جائے گا۔
پال جانسن نے کہا کہ یہ ایک بڑا اور وقت طلب عمل ہے جو کئی دنوں تک جاری رہے گا۔ ان کے مطابق پیر کی رات سے ہسپتالوں، ٹی ٹی سی اسٹاپس اور دیگر اہم مقامات کے اطراف برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا تھا، جبکہ شہر بھر کے رہائشی علاقوں میں یہ عمل بدھ سے شروع ہونے کی توقع ہے۔
اس موقع پر میئر اولیویا چو نے کہا کہ عملہ گلی بہ گلی جائے گا اور رہائشیوں کو پہلے سے آگاہ کیا جائے گا کہ ان کے علاقے میں برف کب ہٹائی جائے گی۔ ان کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں عملہ رہائشی سڑکوں سے برف اٹھانے اور اسے شہر سے باہر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دے گا۔
سٹی مینیجر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تعاون کریں اور اپنی ذمہ داری کے مطابق ڈرائیو ویز اور گاڑیوں سے برف ہٹا لیں، کیونکہ کئی مقامات پر گاڑیوں کو ہٹانا ضروری ہو گا تاکہ صفائی کا عمل مکمل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گاڑیاں برف کے نیچے دبی ہوں تو اب انہیں نکالنے کے بارے میں سوچنے کا وقت آ گیا ہے۔
میئر اولیویا چو نے شہریوں کو باہمی تعاون کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اگر محلے میں کوئی بزرگ یا معذور فرد مدد کا محتاج ہو تو اس کی مدد کی جائے۔ ان کے مطابق چھوٹے چھوٹے اقدامات اجتماعی طور پر بڑا فرق ڈال سکتے ہیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ اسنو روٹس پر پارکنگ کی پابندی بدستور برقرار رہے گی اور قوانین پر سختی سے عمل کرایا جائے گا تاکہ برف ہٹانے والے عملے کو کسی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔ پال جانسن نے کہا کہ کنٹریکٹرز فوری طور پر کام میں مصروف ہوں گے، اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ اسنو روٹس پر گاڑیاں کھڑی نہ کریں۔
فٹ پاتھوں کی صفائی میں تاخیر پر ہونے والی تنقید کے جواب میں سٹی مینیجر نے کہا کہ یہ عمل بھی مرحلہ وار ہوتا ہے، جس میں پہلے راستہ بنایا جاتا ہے، پھر اسے چوڑا کیا جاتا ہے اور آخر میں مکمل طور پر برف ہٹائی جاتی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے صبر کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں یہ عمل مکمل رفتار پکڑ لے گا۔
میئر چو نے خصوصی طور پر معذور افراد اور وہ شہری جو فٹ پاتھوں پر چلنے میں دشواری کا سامنا کر رہے ہوں، ان سے اپیل کی کہ وہ 3-1-1 پر رابطہ کریں، جہاں سے سٹی کا عملہ مدد کے لیے پہنچے گا۔