اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ خدمات میں ناقص کارکردگی اور مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے پر
1800 غیر ملکی ٹریول ایجنسیوں کے معاہدے معطل کر دیے ہیں۔ یہ ایجنسیاں عالمی سطح پر عمرہ شعبے میں کام کرنے والی تقریباً 5 ہزار 800 ایجنسیوں کا ایک نمایاں حصہ ہیں۔خلیجی میڈیا کے مطابق وزارت نے یہ فیصلہ باقاعدہ اور جامع جائزے (پیریاڈک ایویلیوایشن) کے بعد کیا، جس کے دوران متعدد ایجنسیوں کی جانب سے خدمات، انتظامی امور اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں سنگین خامیاں سامنے آئیں۔
وزارتِ حج و عمرہ کے ترجمان غسان النعیمی نے بتایا کہ معطل کی جانے والی ایجنسیوں کو 10 دن کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ نشاندہی کی گئی خامیوں کو دور کر سکیں اور وزارت کے طے شدہ معیار پر پورا اترنے کے لیے اصلاحی اقدامات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ معطلی کا اطلاق فی الحال صرف نئے عمرہ ویزوں کے اجرا پر ہوگا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ جن زائرین کے عمرہ ویزے پہلے ہی جاری ہو چکے ہیں یا جن کی بکنگ مکمل ہے، وہ اس فیصلے سے متاثر نہیں ہوں گے اور ان کے سفر اور رہائش سمیت دیگر سہولیات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔غسان النعیمی کے مطابق جو ایجنسیاں مقررہ مدت کے اندر اپنی کارکردگی بہتر بنا کر وزارت کے معیار پر پورا اتریں گی، ان کے معاہدے دوبارہ بحال کر دیے جائیں گے، تاہم مقررہ وقت میں اصلاحات نہ کرنے والی ایجنسیوں کے خلاف مزید سخت کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔وزارتِ حج و عمرہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ بھی نگرانی اور جانچ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ زائرین کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور عمرہ خدمات کے شعبے کی ساکھ کو بہتر بنایا جا سکے۔