ٹورنٹو میں برفانی طوفان کے بعد سائیکل لینز بلاک، سائیکل سواروں اور ڈیلیوری ورکرز کو خطرات کا سامنا

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ٹورنٹو میں حالیہ تاریخی برفانی طوفان کے ایک ہفتے گزرنے کے باوجود شہر کی کئی اہم سائیکل لینز اب بھی برف اور جمے ہوئے پانی سے بھری ہوئی ہیں، جس کے باعث سائیکل سواروں، خصوصاً فوڈ ڈیلیوری ورکرز، میں شدید تحفظات پیدا ہو گئے ہیں۔

اوبر کے لیے فوڈ ڈیلیوری کرنے والے کرن سنگھ کا کہنا ہے کہ شہر کی زیادہ تر سائیکل لینز ناقابلِ استعمال ہونے کی وجہ سے وہ گاڑیوں کے ساتھ سڑک پر سائیکل چلانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ صورتحال نہایت خوفناک ہے، کیونکہ کئی ڈرائیور سائیکل سواروں پر ہارن بجاتے ہیں یا خطرناک انداز میں انہیں اوورٹیک کرتے ہیں۔

کرن سنگھ کے مطابق کام سے چھٹیاں لینا بھی ممکن نہیں، کیونکہ وہ اور ان جیسے کئی دیگر ڈیلیوری ورکرز مالی طور پر اتنی گنجائش نہیں رکھتے کہ برف صاف ہونے تک کئی دن گھر بیٹھ سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر میں برف ہٹانے کا عمل سست ہونے کی قیمت مزدور طبقہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر ادا کر رہا ہے۔

سائیکلنگ کے حامی اور وکیل ڈیوڈ شیلنٹ بھی انہی خدشات کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بلور اسٹریٹ، یونیورسٹی ایونیو، کالج اسٹریٹ اور دیگر مرکزی شاہراہوں پر قائم بیشتر سائیکل لینز اب بھی برف سے اَٹی پڑی ہیں۔ شیلنٹ “ٹورنٹو بائیک بریگیڈ” کے بانی رکن ہیں، جو رضاکار سائیکل سواروں کا ایک گروپ ہے اور فوڈ بینکس کے ساتھ مل کر ضرورت مند افراد تک کھانا پہنچاتا ہے۔

شیلنٹ کے مطابق گزشتہ اتوار کو ہونے والی ریکارڈ برفباری کے بعد بائیک بریگیڈ کے کئی رضاکاروں نے سڑکوں پر گاڑیوں کے ساتھ سائیکل چلانے کو غیر محفوظ سمجھتے ہوئے خوراک کی ترسیل عارضی طور پر روک دی ہے۔ اس کے باوجود، وہ خود کارگو بائیک کے ذریعے اضافی ذمہ داریاں نبھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا،میں پوری لین استعمال کر رہا ہوں کیونکہ گاڑیوں کے لیے میرے پاس سے گزرنے کی جگہ نہیں ہوتی۔ یہ میرے لیے بھی خوفناک ہے، حالانکہ میں بچپن سے سائیکل چلا رہا ہوں۔انہوں نے سڑک پر گاڑیوں کے ساتھ سائیکل چلانے کو “شارک مچھلیوں کے درمیان تیرنے” کے مترادف قرار دیا۔

بطور وکیل، جو اکثر ٹورنٹو کی سڑکوں پر زخمی ہونے والے سائیکل سواروں کی نمائندگی کرتے ہیں، شیلنٹ کو خدشہ ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو گاڑیوں اور سائیکلوں کے درمیان حادثات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔سائیکل لینز صاف نہ کر کے دراصل ہماری محفوظ انفراسٹرکچر ہم سے چھین لی گئی ہے،” انہوں نے کہا۔

ادھر، سائیکل ٹورنٹو کے نمائندے مائیکل لانگ فیلڈ نے شہر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سائیکل لینز سے برف ہٹانے کے لیے ایک واضح اور شفاف منصوبہ عوام کے سامنے رکھا جائے۔
انہوں نے کہا،لوگوں نے اس بات کو سمجھا کہ یہ ایک غیر معمولی برفانی طوفان تھا، مگر اب ایک ہفتہ گزر چکا ہے اور لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ منصوبہ کیا ہے؟”

لانگ فیلڈ کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں کہ سائیکل راستے کب مکمل طور پر صاف اور قابلِ استعمال ہوں گے۔دوسری جانب، سٹی آف ٹورنٹو کا کہنا ہے کہ برف کی بڑی مقدار کے باعث سائیکل لینز اور فٹ پاتھ صاف کرنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ کینیڈین پریس کو جاری بیان میں شہر انتظامیہ نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 311 پر سائیکل لین کی دیکھ بھال سے متعلق تقریباً 260 شکایات موصول ہوئیں، جو مجموعی ونٹر مینٹیننس کالز کا محض 1.6 فیصد ہیں۔

شہر کے مطابق عملہ اس وقت سائیکل لینز سے برف ہٹانے میں مصروف ہے، تاہم شہر کے وسیع رقبے اور برف کی مقدار کے باعث 956 کلومیٹر طویل سائیکل نیٹ ورک کی صفائی کے لیے کوئی حتمی ٹائم لائن نہیں دی جا سکتی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ شدید یا طویل برفباری کے دوران بعض اوقات ایک ہی جگہ کو بار بار صاف کرنا پڑتا ہے، کیونکہ ٹریفک، تیز ہواؤں یا سڑکوں سے برف ہٹانے کے عمل کے باعث لینز دوبارہ بھر جاتی ہیں۔شہر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسائل کی نشاندہی کے لیے 311 پر کال کریں یا آن لائن سروس ریکویسٹ جمع کروائیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں