جیفری ایپسٹین کا پاکستان اور بھارت کو فنڈنگ کا تہلکہ خیز انکشاف

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) کمسن بچیوں سے جنسی زیادتی اور انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث

بدنامِ زمانہ امریکی فنانسر جیفری ایپسٹین کا ایک پرانا اور متنازع انٹرویو منظرِ عام پر آ گیا ہے، جس میں اس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے پاکستان اور بھارت میں انسدادِ پولیو مہم کے لیے مالی معاونت فراہم کی تھی۔نامعلوم مقام اور نامعلوم وقت پر ریکارڈ کیے گئے اس انٹرویو میں جیفری ایپسٹین خود کو جنسی درندہ تسلیم کرتا دکھائی دیتا ہے۔ انٹرویو کے دوران سوال کرنے والے نے اس سے پوچھا کہ آیا وہ خود کو شیطان سمجھتا ہے؟ جس پر ایپسٹین نے جواب دیا کہ اسے اس سوال کا جواب معلوم نہیں، تاہم اس نے حیرت کا اظہار کیا کہ یہ سوال کیوں پوچھا جا رہا ہے۔
انٹرویو لینے والے نے کہا کہ ایپسٹین میں وہ تمام خامیاں موجود ہیں جو ایک شیطان میں پائی جاتی ہیں۔ اس پر ایپسٹین نے جواب دیا کہ وہ شیطان نہیں بلکہ اسے شیطان سے خوف آتا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ انٹرویو امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں ان کے چیف اسٹریٹجسٹ اسٹیو بینن نے کیا تھا، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
انٹرویو کے دوران ایپسٹین سے اس کی دولت کے ذرائع سے متعلق بھی سوال کیا گیا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اس کی دولت ناجائز نہیں ہے۔ جواباً انٹرویو کرنے والے نے کہا کہ ایپسٹین نے یہ دولت دنیا کے بدترین لوگوں کو مشورے دے کر کمائی ہے، جنہوں نے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا۔ اس پر ایپسٹین نے مبہم انداز میں کہا کہ اخلاقیات ہمیشہ ایک پیچیدہ موضوع رہی ہیں۔
ایپسٹین نے دعویٰ کیا کہ اس نے پاکستان اور بھارت میں پولیو کے خاتمے کے لیے بھی مالی عطیات دیے تھے۔ اس نے کہا کہ یہ سوال کرنے کے بجائے کہ بچوں کو ویکسین لگوانے کے لیے یہ رقم دینی چاہیے تھی یا نہیں، ان ماؤں سے پوچھا جانا چاہیے جن کے بچوں نے ویکسین حاصل کی اور جو اب پولیو جیسے مرض سے محفوظ ہیں۔انٹرویو لینے والے نے طنزیہ انداز میں کہا کہ تم تو ریاضی دان ہو، یہ بتاؤ کہ اگر کسی کلینک میں جا کر غریب اور بیمار لوگوں کو بتایا جائے کہ یہ رقم ایک مجرم کی جانب سے دی گئی ہے تو کتنے لوگ اس رقم کو قبول کرنے سے انکار کریں گے؟ اس پر ایپسٹین نے جواب دیا کہ ہر شخص یہی کہے گا کہ اسے اپنے بچوں کے علاج کے لیے پیسے درکار ہیں۔
تاہم جیفری ایپسٹین کے اس دعوے کے باوجود یہ بات تاحال واضح نہیں ہو سکی کہ آیا واقعی پاکستان میں انسدادِ پولیو مہم کے لیے اس کی جانب سے کوئی فنڈنگ کی گئی تھی یا نہیں۔ اگر رقم دی گئی تھی تو وہ کس دورِ حکومت میں دی گئی، کس ادارے یا فرد کے ذریعے بھیجی گئی اور اس کا ذریعہ کیا تھا، اس حوالے سے کوئی مصدقہ ریکارڈ یا تصدیق سامنے نہیں آ سکی۔یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جیفری ایپسٹین سے جڑے تنازعات، فائلز اور انٹرویوز عالمی سطح پر ایک بار پھر زیرِ بحث آ رہے ہیں، اور اس کے اثرات مختلف ممالک، اداروں اور شخصیات تک پھیلتے دکھائی دے رہے ہیں۔

 

 

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں