اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وسطی کینیڈا کے بڑے شہروں کے درمیان تیز، سستا اور جدید سفر کا خواب ایک بار پھر حقیقت کے قریب آ گیا ہے، جہاں کیوبیک سٹی سے ٹورنٹو تک مجوزہ تیز رفتار ریل منصوبے پر آئندہ پانچ برس سے بھی کم عرصے میں تعمیر شروع ہونے کی توقع ہے۔
اس منصوبے کے تحت تقریباً ایک ہزار کلومیٹر طویل برقی ٹریک پر روزانہ 72 ٹرینیں 300 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے چلیں گی، جس سے ٹورنٹو اور کیوبیک سٹی کے درمیان سفر کا وقت تین گھنٹے جبکہ مونٹریال اور اوٹاوا کے درمیان ایک گھنٹے سے بھی کم رہ جائے گا، اور 2055 تک سالانہ تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے گی۔
تاہم ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اس منصوبے کو چلانے کے لیے درکار بھاری بجلی ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ یہ ریل لائن اونٹاریو اور کیوبیک کی موجودہ بجلی کی صلاحیت کا ایک سے تین فیصد تک استعمال کرے گی، جو بڑے صنعتی یونٹس کے برابر ہے۔
آلٹو کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو مارٹن امبلو کے مطابق یوٹیلٹی اداروں کے ساتھ مشاورت جاری ہے تاکہ بجلی کی قلت سے بچا جا سکے، جبکہ منصوبے کے تحت ریل لائن کے لیے مخصوص تقریباً ایک درجن ہائی کیپیسٹی سب اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے، جن میں سے ہر ایک چھوٹے قصبے کو بجلی فراہم کرنے کے برابر ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی، برقی گاڑیوں اور مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کے باعث پہلے ہی دباؤ کا شکار بجلی کے نظام میں اس منصوبے کو شامل کرنے کے لیے فوری اور جامع منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔