اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سابق وزیراعظم عمران خان کے اڈیالہ جیل میں علاج معالجے کے حوالے سے تمام ریکارڈ
ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے طلب کر لیا ہے۔ جیل حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمران خان کے وائٹل سائنز جیسے بلڈ پریشر، نبض، جسمانی درجہ حرارت، شوگر اور دیگر متعلقہ معلومات کا مکمل چارٹ فراہم کریں۔ اس کے علاوہ کنسلٹنٹس کی رپورٹ بھی دی جائے کہ کس دن اور کس میڈیکل سٹاف نے ان کا جیل میں چیک اپ کیا۔
جیل حکام کے مطابق روزانہ تین مرتبہ آن ڈیوٹی ڈاکٹر عمران خان کے وائٹل سائنز ریکارڈ کرتے ہیں تاکہ ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔ حکومت نے عمران خان کو آنکھوں کے علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کا بھی انتظام کیا ہے۔ ان کی آنکھوں کے چیک اپ اور علاج کے لیے الشفا آئی اسپتال کے دو ماہر ڈاکٹروں ڈاکٹر ندیم قریشی اور ڈاکٹر امجد پر مشتمل ایک پینل تشکیل دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پینل میں شامل دونوں ڈاکٹر پاکستان کے ٹاپ کلاس ماہرین امراض چشم میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے تجربے کی بنیاد پر عمران خان کی آنکھوں کے مسائل کا مکمل علاج یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکومت اور جیل حکام کا مقصد یہ ہے کہ سابق وزیراعظم کی صحت کے تمام پہلوؤں پر مکمل اور شفاف نگہداشت فراہم کی جائے۔