اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بنگلادیش کے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں نمایاں کامیابی کے بعد طارق رحمان نے
جماعت اسلامی بنگلادیش کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی، جسے ملکی سیاست میں آئندہ سیاسی صف بندیوں کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ملاقات کے بعد جاری بیان میں ڈاکٹر شفیق الرحمان نے طارق رحمان کو مستقبل کے وزیر اعظم کے طور پر پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت ملک کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بنگلادیش کو خودمختار، مستحکم اور عدل و انصاف پر مبنی ریاست بنانے کے لیے تمام سیاسی قوتیں مل کر کام کریں گی۔
ملاقات میں انتخابات کے بعد پیش آنے والے تشدد، اپوزیشن کارکنوں اور اقلیتی برادریوں پر حملوں کے واقعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر شفیق الرحمان کے مطابق طارق رحمان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نئی حکومت قیامِ امن اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی تاکہ کوئی بھی شہری خوف یا عدم تحفظ کا شکار نہ ہو۔ جماعت اسلامی کے امیر نے واضح کیا کہ ان کی جماعت قومی مفاد کے معاملات میں منتخب حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی، تاہم بطور اپوزیشن جماعت اپنے آئینی اور جمہوری کردار سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔