اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)صوبہ البرٹا کی پریمیئرڈینیئل اسمتھ اور کثیرالثقافتی امور کے معاون وزیر محمد یاسین نے رمضان المبارک کے آغاز پر مشترکہ پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جیسے ہی رمضان المبارک شروع ہوتا ہے، ہزاروں البرٹا کے شہری دنیا بھر کے ایک ارب اسی کروڑ سے زائد مسلمانوں کے ساتھ اس مقدس مہینے کا آغاز کرتے ہیں، جو عبادت، غور و فکر اور سخاوت کا مہینہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان روزانہ کے روزے، نماز اور خیر و خیرات کے ذریعے دوسروں کے ساتھ ہمدردی اور خدمت کے جذبے کو فروغ دیتا ہے۔ ہر شام خاندان، افراد اور سماجی تنظیمیں افطار کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں، جس سے باہمی تعلقات مضبوط ہوتے ہیں اور مہربانی، سخاوت اور اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ البرٹا ایک متحرک مسلم برادری کا گھر ہے جس کی خدمات ہمارے صوبے کو مضبوط بناتی ہیں۔ اس بابرکت مہینے کے آغاز پر انہوں نے تمام روزہ داروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعا کی کہ رمضان سب کے لیے امن، روحانی تازگی اور باہمی یکجہتی کا سبب بنے۔