اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغان جارحیت کے جواب میں جاری آپریشن ضربُ للحق کے دوران افغان طالبان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائیوں میں ایک سو تینتیس جنگجوؤں کی ہلاکت اور دو سو سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ کابل، پکتیا اور قندھار میں اہم دفاعی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جہاں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق آپریشن کے دوران افغان طالبان کی ستائیس چوکیاں تباہ کی گئیں جبکہ نو اہم مقامات پر قبضہ بھی حاصل کیا گیا۔ فضائی کارروائی میں دو کور ہیڈکوارٹرز، تین بریگیڈ ہیڈکوارٹرز، دو اسلحہ ڈپو، ایک لاجسٹک بیس، تین بٹالین ہیڈکوارٹرز اور دو سیکٹر ہیڈکوارٹرز مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کارروائی کے دوران اسی سے زائد ٹینک، توپیں اور بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ کی گئیں۔ حکام کے مطابق آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک سرحدی علاقوں میں مکمل امن و استحکام یقینی نہیں بنایا جاتا۔