پاکستان ذمہ دار ملک ہے،قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے،سربراہ پاک فضائیہ

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو باوقار امن کی خواہاں ہے، تاہم قومی خودمختاری اور وقار کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ ہر حال میں قوم کی توقعات پر پورا اترے گی اور ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنائے رکھنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں برسی کے موقع پر پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ سات برس قبل دشمن نے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا تھا، مگر اسے اپنے اندازوں کی سنگین غلطی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمیشہ کی طرح جھوٹے بیانیے اور غلط فہمیوں کی بنیاد پر ہماری صلاحیت اور عزم کا کم اندازہ لگایا، اور رات کی تاریکی میں بزدلانہ کارروائی کی کوشش کی۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دن کی روشنی میں نہایت نپی تلی، متوازن اور مؤثر کارروائی کے ذریعے عددی برتری رکھنے والے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی دفاعی قوت ہر آزمائش کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مئی 2025 میں جب جارحیت کا ایک اور مظاہرہ کیا گیا تو پاکستان کا جواب دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ فیصلہ کن اور حیران کن تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تاریخ میں پہلی بار پاک فضائیہ نے مکمل دائرہ کار پر مبنی کثیر جہتی فضائی کارروائیاں انجام دیں، جو غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور نظم و ضبط کے ساتھ مکمل کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور اس کے کئی جدید طیارے اور بغیر پائلٹ فضائی نظام تباہ ہوئے۔ مزید برآں، دشمن کے فضائی اڈوں اور زمینی اثاثوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ اس کے جدید فضائی دفاعی نظام کو ناکارہ بنا دیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر سربراہ پاک فضائیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ اپنے بہادر عوام کے اعتماد پر ہمیشہ پورا اترے گی اور ملکی دفاع، خودمختاری اور وقار کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائیہ آئندہ بھی قومی فخر اور طاقت کی علامت بنی رہے گی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں