چین کا یکم مارچ سے کینیڈا کی زرعی مصنوعات پر ٹیرف معطل کرنے کا اعلان

اردو ورلڈ کینیڈا ۰ ویب نیوز ) چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ یکم مارچ سے کینیڈا سے درآمد کی جانے والی بعض زرعی مصنوعات پر عائد محصولات معطل کر دے گا۔

یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے حالیہ دورۂ چین اور ابتدائی تجارتی مفاہمت کے بعد سامنے آیا ہے۔چین کی وزارت خزانہ کے مطابق کینیڈین کینولا میل اور مٹر پر عائد 100 فیصد ٹیرف یکم مارچ 2026 سے سال کے اختتام تک ختم کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ لابسٹر اور کیکڑے کی درآمدات پر عائد 25 فیصد محصولات بھی معطل رہیں گے۔ اس اعلان کو وزیر اعظم کارنی کی جانب سے پہلے ظاہر کی گئی توقعات کے مطابق پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔
تاہم چینی بیان میں کینولا بیج پر عائد محصولات کے حوالے سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا، جبکہ کارنی اس سے قبل عندیہ دے چکے تھے کہ یکم مارچ تک اس میں بھی کمی متوقع ہے۔ اسی طرح کینولا آئل اور سور کے گوشت سے متعلق محصولات پر بھی کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چین یکم مارچ تک مزید فیصلوں کا اعلان کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ 2024 میں چین کینیڈا کی کینولا برآمدات کے لیے دوسری بڑی منڈی تھا، اس لیے ٹیرف کی معطلی کو کینیڈین زرعی شعبے کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مغربی رہنما چین کے دورے کر رہے ہیں اور عالمی تجارتی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کے باعث امریکہ اور اس کے روایتی اتحادیوں کے درمیان تعلقات میں تناؤ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد چین خود کو ایک مستحکم اور قابلِ اعتماد معاشی شراکت دار کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزیر اعظم مارک کارنی نے اپنے دورۂ چین کے دوران اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ کینیڈا نئے عالمی تجارتی نظام میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے امریکہ پر انحصار کم کرنا چاہتا ہے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے 49 ہزار چینی الیکٹرک گاڑیوں کو 6.1 فیصد ٹیرف کے ساتھ کینیڈا میں داخلے کی اجازت دینے کا بھی اعلان کیا تھا، جسے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں توازن کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر مزید محصولات میں نرمی کا اعلان کیا گیا تو یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کی بحالی اور زرعی شعبے کے استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں