ایران،اسرائیل جنگ شدت اختیار کر گئی،ریاض میں امریکی سفارتخانے پر حملہ،امریکا اور کینیڈا کے سفارتخانے بند

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مشرقِ وسطیٰ میں ایران،امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی باقاعدہ جنگی شکل اختیار کر گئی ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق خطے میں فضائی حملوں، میزائل کارروائیوں اور ڈرون حملوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے جبکہ ایران اور لبنان میں مجموعی ہلاکتیں 600 سے تجاوز کر چکی ہیں۔ریاض میں قائم امریکی سفارتخانے پر دو ڈرون حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں سفارتخانے کی عمارت میں محدود آگ بھڑک اٹھی اور معمولی مالی نقصان ہوا۔ سعودی حکام کے مطابق فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور امریکی سفارتخانے نے اپنی تمام قونصلر خدمات عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بند کر دیا گیا ہے۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے والے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ دنیا کی تقریباً پانچواں حصہ تیل کی ترسیل اسی راستے سے ہوتی ہے، جس کے باعث عالمی توانائی منڈیوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔
تہران اور بیروت پر اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ لبنان میں بھی مختلف اہداف پر بمباری کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔دوسری جانب ایران نے بھی اسرائیل کے مختلف شہروں پر میزائل داغے ہیں۔ تل ابیب، مغربی یروشلم اور ایلات کے اوپر متعدد میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے، تاہم ہفتے سے اب تک اسرائیل میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی تقریباً چار ہفتے جاری رہ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن تہران کے میزائل اور جوہری پروگرام کو تباہ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے بعد عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ قطر انرجی نے اپنی دو تنصیبات پر حملوں کے بعد ایل این جی کی پیداوار عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔
بگڑتی سکیورٹی صورتحال کے باعث امریکا اور کینیڈا نے خطے میں اپنے متعدد سفارتخانے عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔کویت سٹی میں امریکی سفارتخانے نے سفارتی سرگرمیاں اگلے حکم تک معطل کر دی ہیں اور تمام قونصلر اپائنٹمنٹس منسوخ کر دی گئی ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق حالیہ فوجی جھڑپوں میں کویت میں چھ امریکی فوجی ہلاک جبکہ تین امریکی لڑاکا طیارے تباہ ہوئے، جنہیں امریکی فوج نے بظاہر “فرینڈلی فائر” قرار دیا ہے۔
اسی طرح کینیڈا کی ریاض میں قائم ایمبیسی نے بھی 6 مارچ تک تمام ملاقاتیں منسوخ کر دی ہیں۔ بغداد میں امریکی سفارتخانے نے غیر ہنگامی سرکاری ملازمین کو ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے بحرین، مصر، ایران، عراق، اسرائیل (بشمول مغربی کنارے اور غزہ)، اردن، کویت، لبنان، عمان، قطر، سعودی عرب، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن میں موجود امریکی شہریوں کو فوری طور پر ان ممالک سے نکل جانے کی ہدایت کی ہے۔علاقائی اور عالمی سطح پر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اقوامِ متحدہ سمیت مختلف عالمی طاقتوں سے فوری جنگ بندی اور سفارتی کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر کشیدگی میں کمی نہ آئی تو اس کے اثرات عالمی معیشت، توانائی کی منڈی اور خطے کے امن پر طویل المدتی ہو سکتے ہیں۔

 

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں