جنگ کے سائے مزید گہرے،مشرقِ وسطیٰ سے ہزاروں کینیڈین شہریوں کی ہنگامی واپسی

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگی کشیدگی میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے

جبکہ خطے میں موجود کینیڈا کے ہزاروں شہری وطن واپس آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جنگ دوسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے جس کے باعث توانائی کی فراہمی، تیل کی پیداوار اور فضائی سفر شدید متاثر ہو رہے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں ایران کو مزید سخت فوجی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر مزید حملے کیے جا سکتے ہیں اور ایسے اہداف کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے جنہیں پہلے زیر غور نہیں لایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کو اپنے ہمسایہ خلیجی ممالک سے معافی مانگنا پڑی ہے، تاہم خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ کشیدگی بڑھانا چاہتا ہے تو ایران اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک ہفتے کی جنگ میں امریکہ کو تقریباً 100 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے اور اگر جنگ جاری رہی تو اس کے معاشی اثرات عام امریکی شہریوں تک پہنچیں گے۔
جنگ کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں مقیم کینیڈا کے شہریوں میں بھی تشویش بڑھ گئی ہے۔ کینیڈین حکام کے مطابق خطے میں رجسٹرڈ ایک لاکھ سے زائد کینیڈین شہریوں میں سے ہزاروں نے وطن واپسی کے لیے مدد طلب کی ہے۔ کئی شہری خصوصی چارٹر اور فوجی پروازوں کے ذریعے کینیڈا پہنچنا شروع ہو گئے ہیں جہاں ایئرپورٹس پر اہل خانہ نے ان کا استقبال کیا۔ادھر کینیڈا کی قومی ایئرلائن نے خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث مشرقِ وسطیٰ کے کئی شہروں کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی سفری ہدایات پر عمل کریں۔
دوسری جانب جنگ کے اثرات عالمی توانائی کی منڈی پر بھی پڑنے لگے ہیں۔ خلیجی خطے میں کشیدگی کے باعث تیل اور گیس کی پیداوار میں کمی کی اطلاعات ہیں جبکہ اہم سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز کی صورتحال بھی غیر یقینی بتائی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر جنگ طویل ہوگئی تو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہو سکتا ہے۔

 

 

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں