اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کی جانب سے پڑوسی ممالک پر حملوں کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی ہے
جس میں خطے میں بڑھتی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر مبینہ حملوں کی مذمت کی گئی۔ قرارداد خلیجی ممالک کی جانب سے پیش کیے گئے مسودے پر مبنی تھی جس کے حق میں 13 ارکان نے ووٹ دیا، جبکہ چین اوراور روس ووٹنگ کے دوران غیر حاضر رہے۔
اس قرارداد میں خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ایران سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر خطے میں کشیدگی بڑھانے والے اقدامات سے باز رہے۔
پاکستان نے بھی خلیجی ممالک کی جانب سے ایران کے خلاف پیش کی گئی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا اور اس قرارداد کو کو اسپانسر بھی کیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخارنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش رکھتا ہے اور تمام فریقین سے تحمل اور مذاکرات کی راہ اختیار کرنے کی اپیل کرتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان ایک جانب خلیجی ممالک کی سلامتی کے خدشات کو سمجھتا ہے تو دوسری جانب ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی بھی پاکستان نے مذمت کی ہے کیونکہ اس سے عالمی امن کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
عاصم افتخار نے مزید بتایا کہ متحدہ عرب امارات پر حالیہ حملوں میں دو پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے جبکہ لاکھوں پاکستانی خلیجی ممالک میں مقیم ہیں، اس لیے پاکستان خطے میں امن و استحکام کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
اجلاس کے دوران کے مندوب نے بتایا کہ ایران کے حملوں کی مذمت کے لیے پیش کی گئی اس قرارداد کو دنیا کے 135 ممالک نے کو اسپانسر کیا، جو اقوام متحدہ کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل عالمی وبا کے دوران ایبولا کے مسئلے پر پیش کی گئی قرارداد کو 134 ممالک کی حمایت حاصل ہوئی تھی۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے مندوب نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ ایران کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حملے بین الاقوامی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور خلیجی ممالک انہیں دہشت پھیلانے کی کوشش سمجھتے ہیں۔اماراتی مندوب کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور اس مشکل صورتحال میں اتحاد اور صبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔