اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکا اور ایران مذاکرات بچانے میں پاکستان کا اہم کردار، فیلڈ مارشل عاصم منیر غیر روایتی سفارتی کردار ادا کر رہے ہیں
برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم کردار ادا کر رہا ہے تاکہ کشیدگی کم کی جا سکے اور مذاکرات مکمل طور پر ناکام ہونے سے بچائے جائیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اس عمل میں غیر روایتی اور کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جریدے کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اس وقت نازک مرحلے میں ہیں، جہاں باہمی اعتماد کی کمی، اقتصادی پابندیاں اور حالیہ فوجی کشیدگی اہم رکاوٹیں بن رہی ہیں۔ پاکستان نے ان مشکلات کے باوجود دونوں فریقین کے درمیان رابطے کا پل قائم رکھنے کی کوشش کی ہے تاکہ مذاکراتی عمل جاری رہے اور خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کی یہ سفارتی کوششیں کامیاب ہو جاتی ہیں تو نہ صرف خطے میں استحکام آئے گا بلکہ عالمی سطح پر بھی کشیدگی میں کمی کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔