اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک اور شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک موسم کی یہی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں دن کا آغاز ہی شدید گرمی کے ساتھ ہوا جہاں صبح کے وقت درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نہ صرف دن بلکہ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت کم نہیں ہو رہی، جس کے باعث شہریوں کو مسلسل گرم اور مرطوب موسم کا سامنا ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ سبی، تربت اور پنجگور میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے میدانی اور بالائی علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے ملک بھر میں ہیٹ ویو کی صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ ہفتے کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 8 سے 12 جون تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور دھوپ میں براہ راست کام کرنے سے پرہیز کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر طبی مسائل سے بچا جا سکے۔