اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے شہریوں کے لیے جاری “اپنا گھر اسکیم” میں مزید سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو گھر کی ملکیت کے خواب کی تکمیل میں مدد مل سکے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اسکیم سے متعلق ایک جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہیں اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد دلچسپی لے رہی ہے اور مختلف درخواستیں زیرِ عمل ہیں۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو بہت سے بے گھر افراد کو رہائش کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کو آسان اور قابلِ برداشت رہائشی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
شہباز شریف نے بینکوں کو بھی ہدایت کی کہ درست اور مکمل درخواستوں کی منظوری کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ درخواست گزاروں کو بروقت مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی “اپنا گھر اسکیم” کے تحت شہریوں کو اربوں روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جس کا مقصد کم اور متوسط آمدنی والے طبقے کو گھر کی سہولت دینا ہے۔
اسی اجلاس میں وزیراعظم نے پاکستان ریلویز میں جامع اصلاحات کے لیے اسٹریٹیجک روڈ میپ کی منظوری بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ ریلویز کے نظام میں بہتری کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے فروغ دیا جائے گا تاکہ ادارے کی کارکردگی بہتر اور مالی طور پر مضبوط ہو سکے