اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
سعودی سکیورٹی حکام نے ایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں مشترکہ تفتیشی مہم چلا کر 10 ہزار 725 غیر قانونی افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ تقریباً 8 ہزار افراد کو ملک بدر بھی کر دیا گیا۔سعودی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ یہ گرفتاریاں 4 جون سے 10 جون کے دوران سکیورٹی فورسز اور متعلقہ سرکاری اداروں کی جانب سے کیے گئے مشترکہ معائنوں اور چھاپہ مار کارروائیوں کے نتیجے میں عمل میں آئیں۔وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق گرفتار افراد میں 5 ہزار 899 افراد ایسے تھے جنہوں نے اقامہ (ریزیڈنسی) قوانین کی خلاف ورزی کی، جبکہ 3 ہزار 84 افراد بارڈر سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے۔
اسی طرح 1 ہزار 742 افراد کو لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 7 ہزار 989 غیر قانونی مقیم افراد کو سعودی عرب سے بے دخل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ 14 ہزار 268 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول اور وطن واپسی کے انتظامات مکمل کرنے کے لیے ان کے متعلقہ سفارتی مشنز کے حوالے کیا گیا۔سعودی میڈیا نے مزید بتایا کہ مملکت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کے دوران ایک ہزار 418 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان گرفتار افراد میں 43 فیصد یمن، 55 فیصد ایتھوپیا جبکہ 2 فیصد دیگر قومیتوں سے تعلق رکھتے تھے۔
دوسری جانب سعودی حکام نے ملک سے غیر قانونی طور پر نکلنے کی کوشش کرنے والے 34 افراد کو بھی گرفتار کر لیا۔سعودی وزارت داخلہ نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ اقامہ، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ شہریوں اور مقیم افراد پر زور دیا گیا ہے کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پناہ دینے، ملازمت فراہم کرنے یا ان کی نقل و حرکت میں مدد کرنے سے گریز کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔