بنوں میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے، 7 افراد جاں بحق، 3 زخمی

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)بنوں کے نیم قبائلی علاقے برغنتو میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔

ضلعی پولیس افسر یاسر آفریدی کے مطابق تھانہ احمد زئی کی حدود میں پہلا دھماکہ مسافروں سے بھرے ایک ڈاٹسن گاڑی کے قریب ہوا۔ دھماکے کے بعد جب امدادی سرگرمیاں جاری تھیں تو اسی دوران دوسرا دھماکہ بھی ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاٹسن میں ہاتھی خیل قوم کے افراد سوار تھے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو دیہی مرکز صحت جبکہ زخمیوں کو کے جی این اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

یاسر آفریدی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ادھر سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم کے دھماکے کی زد میں سب ڈویژن وزیر کے تحصیلدار عابد اللہ کی گاڑی بھی آئی، جسے نقصان پہنچا، تاہم وہ محفوظ رہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں دھماکوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کی عالمی سفارتی کامیابیوں اور امن کے فروغ کی کوششوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور دہشت گردوں کو شکست دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے کی فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت، پاکستان کے امن اور استحکام کے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی اور ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں