اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے کے 6 اضلاع میں گرین بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مرحلہ وار پنجاب کی تمام تحصیلوں تک جدید سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں عوام کو جدید، محفوظ اور باعزت سفری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ گرین بس سروس کو آئندہ مرحلے میں تحصیل کی سطح تک بھی توسیع دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گرین بسیں جدید، ایئرکنڈیشنڈ اور ماحول دوست ہیں، جبکہ ان کا کرایہ صرف 20 روپے رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ ان کے بقول یہ منصوبہ خصوصاً خواتین کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔
مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ رواں سال 1100 نئی بسیں سڑکوں پر لائی جائیں گی، جبکہ آئندہ تین برسوں میں مجموعی طور پر 5000 بسیں ٹرانسپورٹ نظام کا حصہ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو معیاری، محفوظ اور باوقار سفری سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تقریب کے اختتام پر مریم نواز شریف نے محکمہ ٹرانسپورٹ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس منصوبے پر نہایت محنت، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں کام کیا ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو شاباش دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔