اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدور جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے ایک دکان پر اندھا دھند فائرنگ کی، جہاں مزدور کام میں مصروف تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچوں مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا۔ واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتولین کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کی جا رہی ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔