اونٹاریو میں جنگل کی آگ کے دھوئیں نے اوٹاوا کو بھی لپیٹ میں لے لیا، فضائی آلودگی سے متعلق انتباہ جاری

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)شمال مغربی اونٹاریو میں بھڑکنے والی جنگلاتی آگ، جس نے متعدد علاقوں کو تباہ اور ہزاروں افراد کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے، اب دارالحکومت اوٹاوا کو بھی متاثر کرنے لگی ہے۔

انوائرمنٹ کینیڈا نے جمعرات کو اوٹاوا کے لیے فضائی آلودگی کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنگلاتی آگ کے دھوئیں کے باعث شہر میں دھند چھا گئی ہے، جو صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ حالات بہتر ہونے تک غیر ضروری طور پر باہر جانے سے گریز کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دھوئیں کے باعث آنکھوں، ناک اور گلے میں جلن، سر درد اور ہلکی کھانسی جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔ 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد، حاملہ خواتین، شیر خوار بچوں اور کم عمر بچوں کو اس سے زیادہ خطرہ لاحق ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید نمی اور دھوئیں کے امتزاج نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے، اس لیے لوگوں کو ٹھنڈی جگہوں پر رہنے، گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں زیادہ سے زیادہ بند رکھنے اور ایئر فلٹرز صاف رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب اونٹاریو کی وزیر برائے ہنگامی تیاری جِل ڈنلپ نے کہا ہے کہ شمالی اونٹاریو کی 15 کمیونٹیز نے انخلا شروع کر دیا ہے یا اس پر غور کر رہی ہیں، جبکہ صورتحال تیزی سے مزید خراب ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کئی شمالی علاقے سڑک کے ذریعے قابلِ رسائی نہیں، اس لیے بیک وقت فضائی انخلا کی ضرورت پیش آ سکتی ہے، جبکہ صوبے کے پاس اس مقصد کے لیے مطلوبہ وسائل ناکافی ہیں۔

جِل ڈنلپ نے اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے ہنگامی انتظام ایلینر اولشوسکی سے اضافی مدد کی درخواست کی ہے، کیونکہ شمالی اونٹاریو میں اس وقت 180 سے زائد جنگلاتی آگ بھڑک رہی ہیں۔

شمال مغربی ہوائیں آگ کو مزید بھڑکا رہی ہیں، جس کے باعث متعدد علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ نامائیگوسی ساگاگن فرسٹ نیشن (کولنز فرسٹ نیشن)، جو تھنڈر بے کے شمال میں واقع ہے، وہاں تیزی سے پھیلنے والی آگ نے متعدد گھروں اور عمارتوں کو نقصان پہنچایا یا مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

جنگلاتی آگ کے باعث آرمسٹرانگ، لیک لا کروآ فرسٹ نیشن، وائٹ سینڈ فرسٹ نیشن، گل بے فرسٹ نیشن اور لیک ڈی میل لیکس فرسٹ نیشن سمیت کئی کمیونٹیز کے لیے انخلا کے احکامات بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں