اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ایرانی فوج نے امریکا کی مسلسل چھٹے روز کی بمباری کے جواب میں بحرین، کویت، قطر اور اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی فوج کے مطابق بحرین کے سخیر بیس پر امریکی ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
ایران نے کویت میں بھی ڈرون حملوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایرانی ڈرون نے امریکی میزائل دفاعی نظام کی بیٹری کو نشانہ بنایا، جس کے بعد علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔
دوسری جانب کویت کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ملکی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 32 ڈرونز کی نشاندہی کی گئی، جنہیں بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہ کر دیا گیا۔
وزارت دفاع کے ترجمان کرنل سعود عبدالعزیز العطوان کے مطابق ایرانی حملوں کا ہدف ملک کی متعدد اہم تنصیبات تھیں، تاہم کویتی مسلح افواج نے تمام ڈرونز کو روک کر ناکام بنا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ تباہ کیے گئے ڈرونز کا ملبہ مختلف رہائشی علاقوں میں گرا، جس سے بعض مقامات پر مالی نقصان ہوا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
کویتی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلح افواج قومی سلامتی، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے تحفظ کے لیے ہر وقت مکمل طور پر مستعد ہیں اور اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیتی رہیں گی۔ادھر قطر کی وزارت دفاع نے بھی ایک میزائل حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
وزارت دفاع نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ قطر کو نشانہ بنانے والے میزائل کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا، تاہم ایک میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک بچہ زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ایرانی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں ایک ہوائی اڈے پر بھی میزائل داغے گئے ہیں۔