چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے ہمہ وقت تیار ہے لیکن حکومت نے فیصلہ کرنا ہے کہ انتخابات کب کرائے جائیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے بلا خوف و خطر کرتا ہے اور کرتا رہے گا۔
سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ سب ہمارے دوست ہیں۔ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے ہمہ وقت تیار ہے تاہم نئے انتخابات کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حلقہ بندیوں پر کام زوروں پر ہے۔ مردم شماری پر ای سی پی کا موقف واضح تھا کہ مردم شماری کو باضابطہ طور پر شائع کرنے سے پہلے حد بندی نہیں کی جا سکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 2017 کی مردم شماری کے نتائج مئی 2021 میں شائع ہوئے، مردم شماری کے نتائج آنے کے بعد نئی حد بندیوں پر کام شروع ہوا، 2018 کے انتخابات اور حد بندیوں کے حوالے سے خصوصی آئینی ترمیم لائی گئی۔
سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل مردم شماری کرانا چاہتی ہے۔ اگر دسمبر 2022 تک ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج موصول ہو جاتے ہیں تو حد بندی وقت پر ہو سکتی ہے۔