کراچی کی مقامی عدالت نے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم دیا ہے جو چند روز قبل انتقال کر گئے تھے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مشرقی عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق فریقین کے دلائل سننے کے بعد آج صبح فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت نے شہری عبدالاحد کی جانب سے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کی اجازت دے دی تاکہ عامر لیاقت کی موت کی وجہ معلوم کی جاسکے۔
درخواست گزار نے کہا کہ عامر لیاقت معروف ٹی وی اینکر اور سیاستدان تھے۔ موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب سرکاری وکیل نے کہا کہ ورثا عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم نہیں کرانا چاہتے۔ ورثا کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کرانے سے والد کی روح کو تکلیف پہنچے گی۔