اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)کوئٹہ میں موسلا دھار بارش، چھتیں گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے ، بلوچستان بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے اور دیواریں گرنے سمیت مختلف واقعات میں 3 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور آس پاس کے علاقوں میں درجنوں نامکمل مکانات کو نقصان پہنچا۔
ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ایس ایس پی آپریشن نے بارش سے متاثرہ علاقوں کلی، گوہر آباد اور سریاب کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا معائنہ کیا۔
کلی گوہر آباد میں بارش سے 40 خاندان متاثر ہوئے۔ متاثرہ خاندانوں کو عارضی طور پر قریبی سکول میں منتقل کر دیا گیا۔