اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )تخت لاہور پر کون بیٹھے گا اس کا فیصلہ جمعہ کو کیا جائے گا، دریں اثناء پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخاب سے قبل ن لیگ اور اتحاد کے ارکان کی کڑی نگرانی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ تمام ارکان پارلیمنٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ موبائل فون کے استعمال کو محدود کریں۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اتحاد کے ارکان صوبائی دارالحکومت کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع نجی ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔ قیادت کی جانب سے (ن) لیگ، پیپلز پارٹی، راہ حق پارٹی اور دیگر آزاد اراکین اسمبلی سے کل 22 جولائی تک رائل سوئس ہوٹل میں قیام کی اپیل کی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے سلسلے میں تمام اراکین اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی قیادت میں ہوٹل سے براہ راست پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جائیں گے۔ قبل ازیں حمزہ شہباز آج نجی ہوٹل میں حکمران اتحادی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
ہوٹل میں قیام پذیر اراکین صوبائی اسمبلی کو اپوزیشن جماعتوں یا دیگر شخصیات کے رابطوں سے بچانے کے لیے موبائل فون کا استعمال محدود کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے
ذرائع کے مطابق حکومتی اتحاد نے 10 ارکان پر مشتمل 18 گروپ تشکیل دیے ہیں اور ہر گروپ کا سربراہ مقرر کیا ہے۔ گروپ ہیڈ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہوٹل میں اپنے اراکین کی حاضری، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت اور پنجاب اسمبلی کی بروقت روانگی کو یقینی بنائیں۔ کسی بھی کال کی اطلاع گروپ ہیڈ کو دینے کا پابند کیا گیا ہے۔