اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ شہباز گل عمران خان کے خلاف بیان جاری کریں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گل کی تصاویر اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان پر تشدد کیا گیا اور معاملے کی تحقیقات کے لیے مصطفی نواز، سعد رفیق اور شیریں مزاری پر مشتمل کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔
سابق وزیر نے پی ٹی آئی رہنما پر تشدد کرنے والے عناصر کو بے نقاب کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
اس سے قبل، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اپنے چیف آف اسٹاف شہباز گل سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر ریلیوں کا اعلان کیا تھا، جب اسلام آباد پولیس نے انہیں پمز اسپتال میں گل سے ملنے سے روک دیا تھا۔
پمز اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود پولیس نے ان کا راستہ روکا، پولیس نے شہباز گل سے ملنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔