اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو مبینہ طور پر خاتون کو دھمکیاں دینے کے الزام میں درج دہشت گردی کیس میں جمعرات کو 12 بجے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج راجہ حسن جواد نے 20 اگست کو پی ٹی آئی کے جلسے میں خاتون جج کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے کے الزام میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں سابق وزیراعظم کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
جج راجہ حسن جواد نے عمران خان کو ملنے والی دھمکیوں کے بارے میں سوال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "یہ سابق وزیر اعظم کی ذمہ داری تھی کہ وہ ضمانت حاصل کرنے کے بعد عدالت میں پیش ہوں۔”
پی ٹی آئی سربراہ کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین کو جان کو لاحق خطرات سے آگاہ کر دیا ہے۔ اس دوران پراسیکیوٹر نے مطالبہ کیا کہ عمران خان عدالت میں پیش ہوں۔
جج راجہ حسن نے دلائل سننے کے بعد عمران خان کو 12 بجے طلب کیا اور حکام کو ہدایت کی کہ غیر متعلقہ افراد کو کمرہ عدالت میں جانے سے روکا جائے۔
دریں اثنا عدالت کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سابق وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) سے ایک کیس میں ضمانت حاصل کی تھی جہاں ان پر ایک خاتون جج اور اسلام آباد پولیس اہلکاروں کے خلاف دھمکی آمیز تقریر کرنے پر دہشت گردی کے قانون کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تھی۔