اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 260 ہو گئی۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 260 ہو گئی ہے، جن میں 125 مرد، 59 خواتین اور 76 بچے شامل ہیں، جب کہ 164 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیلاب اور بارش سے متعلقہ واقعات میں ہلاکتیں کوئٹہ، بولان، کیچ، ژوب، دکی، خضدار، کوہلو، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، سبی اور صوبے کے دیگر اضلاع سے رپورٹ ہوئیں۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ شدید بارشوں سے کم از کم 500,000 مویشیوں کا نقصان ہوا۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبے میں بارشوں اور سیلاب سے 63 ہزار 756 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں سے 18 ہزار 280 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 45 ہزار 476 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے 1500 کلومیٹر لمبی سڑکیں اور 18 پلوں کو نقصان پہنچا جبکہ دو لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں۔ پی ڈی ایم اے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں کر رہی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرہ اضلاع ہرنائی، نصیر آباد، جعفرآباد، جھل مگسی، صحبت پور اور دکی میں متاثرین میں کم از کم 688 خیمے، 3 ہزار فوڈ پیکٹ، 500 کمبل، 400 ترپال اور 630 مچھر دانیاں تقسیم کی گئیں۔