اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں جیل اصلاحات کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے 7 روز میں جیل اصلاحات کا جامع منصوبہ طلب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم میں بہتر کارکردگی والے قیدیوں کو ان کی سزاؤں میں معافی دی جائے گی۔ جبکہ یہ بھی اصولی طور پر فیصلہ کیا گیا کہ جیل کے ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کو ڈیڑھ لاکھ روپے خصوصی الاؤنس دیا جائے گا۔
میٹنگ کے دوران یہ بھی سفارش کی گئی کہ ہر قیدی کو ماہانہ بنیادوں پر 300 منٹ دیے جائیں تاکہ وہ اپنے اہل خانہ سے بات کر سکیں۔
پرویز الٰہی نے قیدیوں کو ناشتے میں معیاری خوراک اور انڈے فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر ملکی قیدیوں کو ان کے متعلقہ قونصل جنرلز تک رسائی فراہم کرنے کے لیے ضروری کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں جیل کینٹین کے انتظامات یوٹیلیٹی اسٹورز اور دیگر میگا اسٹورز کے حوالے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے لاوارث قیدیوں کو مفت قانونی امداد فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے بتایا کہ جیلوں میں موجود تمام قیدیوں کو صفائی ستھرائی کے لیے حفظان صحت کی کٹس فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر تین ماہ بعد قیدیوں کا میڈیکل چیک اپ یقینی بنایا جائے اور خواتین قیدیوں کو میموگرام میڈیکل ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ قیدیوں کے لیے بہتر انتظامات کیے جائیں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے کمروں کا مناسب انتظام کیا جائے۔